مرید عباس قتل کیس: دو گواہوں نے مرکزی ملزم کے بھائی کو شناخت کرلیا

https://urduhumnews.wpengine.com/latest/209805/

کراچی :  ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کیس میں دو گواہوں نے مرکزی ملزم عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کو شناخت کرلیا۔ملزم  کو پندرہ اکتوبر تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی   کی عدالت میں اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی ۔ تفتیشی افسرکی جانب سےملزم کی شناخت پریڈ کی درخواست  کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔

خیال رہے کہ کچھ دیر کے لئے سماعت ملتو ی کی گئی تاکہ  ڈمی ملزموں کا بندوبست کیا جاسکے ۔ دوبارہ سماعت شروع ہونے پر دو   گواہوں  محمد الیاس اور امتیاز نے  دس ڈمی ملزموں  کی موجودگی میں عادل زمان کی شناخت کرلی۔

عدالت میں گواہوں نے بتایا کہ  کیس کا مرکزی ملزم عاطف زمان سفید رنگ کی گاڑی میں آیا۔ اس  نے خضرحیات کو اپنی طرف بلایا اور فائرنگ شروع کردی۔

اپنے بیان میں گواہوں نے بتایا کہ خضر  حیات زمین پر گرگیا۔عادل زمان فائرنگ کے دوران  موٹرسائیکل سے اترا اور بھاگ کر گاڑی میں بیٹھ گیا۔ دونوں ملزم  اسی گاڑی میں فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: مرید عباس قتل کیس، 30متاثرین نے نیب سے رابطہ کرلیا

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ملزم عادل زمان  کو پندرہ  اکتوبر تک پولیس ریمانڈ میں دے دیااور کیس کی سماعت بھی پندرہ دنوں کے لئے ملتوی کردی گئی۔


متعلقہ خبریں