انوشکا شرما کی ’پری‘ پاکستان میں بین کر دی گئی


اسلام آباد: انوشکا شرما کی نئی ہارر فلم ’پری‘ کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پاکستانی سینسر بورڈ  کے چیئرمین مبشر حسن نے فلم پری کی نمائش پر پابندی کا اعلان ٹوئٹر پر کیا۔ ٹویٹ میں کہا گیا کہ فلم میں متعدد بار پاکستانی سینسر بورڈ کے قائم کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

https://twitter.com/BABUCRATE/status/969471276468396032

چیئرمین مبشر حسن کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ فلم کے لاتعداد مناظر اور ڈائیلاگز پاکستان کے مذہبی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے خلاف ہیں۔

سینٹرل بورڈ سے قبل پنجاب اور سندھ سینسر بورڈ چند سین حذف کرنے کے بعد فلم کو نمائش کی اجازت دے چکے تھے۔ لیکن اب سینٹرل بورڈ کے فیصلے کے بعد فلم کی پاکستان میں نمائش نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فلم کالے جادو کے موضوع پر بنائی گئی ہے جس کے ڈائیلاگز سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے۔

دو مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم پری میں انوشکا شرما کے علاوہ پریم بارتا چیٹرجی اوررجت کپور اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔


متعلقہ خبریں