برطانوی شاہی جوڑے کی آمد پر برطانوی ہائی کمشنر کا ویڈیو پیغام

برطانوی شاہی جوڑے کی آمد پر برطانوی ہائی کمشنر کا ویڈیو پیغام

فوٹو: فائل


اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کی کڑی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے دورہ سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں قیام کے دوران مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد سے ملیں گے جبکہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ لاہور اور شمالی علاقہ جات کا بھی دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ پاکستانی نوجوانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ ذرائع کے مطابق برطانوی شہزادہ اور ان کی اہلیہ 14 اکتوبر کو رات 9 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔

برطانوی شاہی جوڑا 15 اکتوبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں برطانوی شاہی جوڑے کا پاکستان میں استقبال کیسا ہوگا؟

ذرائع کا کہنا ہے شاہی مہمان اسی روز چیریٹی پروگرام میں بھی حصہ لیں گے، برطانوی شہزادہ اور شہزادی 16 اکتوبر کو صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کریں گے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی مہمان بادشاہی مسجد اور ایس او ایس ویلج کا دورہ بھی کریں گے، شہزادہ اور شہزادی لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی کریں گے۔ شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع چترال کا دورہ کرے گا۔ شاہی مہمان 18 اکتوبر کو واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں