پاکستان کی بقا کی لڑائی سری نگر میں لڑنا ہو گی، سراج الحق

پاکستان کی بقا کی لڑائی سری نگر میں لڑنا ہو گی، سراج الحق

حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا کی لڑائی سری نگر میں لڑنا ہو گی ورنہ پاکستان ریگستان بن جائے گا۔

حیدر آباد میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر مارچ کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر سندھ کے نوجوان ظلم کے آگے کھڑے ہیں، مودی اور اس کے یاروں کی ہر سازش ناکام ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بچانا ہے تو پاکستان کی بقا کی لڑائی سری نگر میں لڑنا ہو گی، اس دن کا انتظار نہ کریں جب بھارتی فوج مظفر آباد آ جائے۔ ہماری حکومت کہتی ہے معیشت کمزور ہے اس لیے کشمیریوں کو نہیں بچا سکتے۔ ان کی معیشت مضبوط اور فوج تعداد میں ہم سے زیادہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایمان والوں نے کفر کا مقابلہ ایمان کی بنیاد پر کیا ہے۔ 72 سالوں سے کشمیری عوام جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔ حکومت کو سب سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کر کے ایک مؤقف پیش کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قومی وحدت کو حکومت نے خود سبوتاژ کیا ہے، عمران خان ادھر اُدھر جا رہے ہیں لیکن قومی وحدت کے لیے کسی سے رابطہ نہیں کیا جبکہ بھارتی کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کہ مقابلے کے لیے ایک ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو اقوام متحدہ کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے اور یہ غلط فہمی ہے کہ ٹرمپ ثالثی کرے گا کیونکہ ٹرمپ کی امریکا میں خود کشتی ڈوب رہی ہے۔ عمران خان کہتے ہیں انہوں نے بہت اچھی تقریر کی لیکن دنیا نے تقریر کا کیا اثر لیا کشمیر میں کرفیو اور قیامت تو ختم نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نان ایشوز کو ایشوز بنا کر پوری قوم کی توجہ کشمیر سے ہٹائی جا رہی ہے اور ہم جانتے ہیں اسلام آباد میں کیا کھچڑی پک رہی ہے۔ پاکستان کے حکمرانوں کی نظر امریکا اور چین پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی دارالحکومت کے سرکاری منصوبے میں ہولناک انکشافات

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں کشمیر سے 4 دریا آ رہے ہیں اور اگر ہم یہ لڑائی ہار گئے تو ملک ریگستان بن جائے گا۔ اگر حکومت پاکستان تماشہ کر رہی ہے تو قوم کا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اپنے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے لیکن وہ مسئلے حل کرنے ایران گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں