وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی فورم سے خطاب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم دورہ چین اور ایران پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے فیصلوں کی بھی توثیق کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اجلاس کے دوران نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے ایم ڈی کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا معاملہ، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی بورڈ کے ممبر کی تعیناتی کا معاملہ اور اسلام آباد بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ایمپلائز سروس ریگولیشن 2019 کی منظوری کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ایکٹ کے تحت بورڈ آف اتھارٹی کے ارکان کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں ریئل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 کا جائزہ اور قانونی اصلاحات کے لیے آرڈیننسز کی منظوری دی جائے گی جبکہ  ملک میں گندم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کونسل فار ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں غیر قانونی تمباکو کی پیداوار اور سمگلنگ روکنے کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے نئے ماسٹر پلان پر بھی بریفنگ دی جائے گی جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ریسٹرکچرنگ پر بریفنگ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی پراپرٹیز کے ڈیٹا بینک پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں