مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

ظاہر ہوتا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کتنی خوفزدہ ہے ؟ مریم نواز

فوٹو: فائل


لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت  بینچ کے سربراہ کی عدم دستیابی کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کرنی تھی۔ بینچ کے سربراہ کی عدم دستیابی کے باعث کاز لسٹ منسوخ کردی گئی۔

ن لیگی رہنما کی جانب دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کی بیٹی ہے جنہوں نے ملکی ترقی کیلئے بہت اقدامات کیے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

عدالت عالیہ میں دائر درخوست کے متن میں درج ہے کہ ملزمہ کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے جسے منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ نیب کے قانون کا غلط استعمال کر کے ن لیگی رہنما کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

مریم نواز کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ضمانت پر رہائی کی درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے اور چودھری شوگر ملز ریفرنس منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور کی جائے۔


متعلقہ خبریں