عمران خان دورہ ایران مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان دورہ ایران مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے۔

وزیر اعظم ایران سے خصوصی طیارے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفی بخاری کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔

گزشتہ روز ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتا، میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ خطےمیں ایک اورتنازع جنم نہ لے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جبکہ سعودی عرب نے ہرضرورت پر ہماری مدد کی ہے، دونوں ممالک میں جنگ کی صورت میں خطے میں غربت پھیلے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدرحسن روحانی سے  رواں سال میں میری یہ  تیسری ملاقات ہے، مقبوضہ کشمیر کےمسلمانوں کیلیےایران کی حمایت پرشکر گزارہیں۔ 1965 کی جنگ میں ایران کا ساتھ دینا آج تک یاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر حسن روحانی  سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات،تجارت اورایک دوسرے سےتعاون کےطریقہ کارپر بات کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثالث نہیں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران میں مسائل حل کرنے کا اقدام پاکستان کا اپنا ہے، کسی کے کہنے پر دونوں ممالک میں ثالثی کا اقدام نہیں اٹھایا۔


متعلقہ خبریں