سرفراز احمد کا سندھ کی کپتانی سے انکار

سرفراز کی جگہ اسد شفیق کو سندھ کا کپتان بنادیا گیا


صحافیوں سے سخت جملوں کے تبادلے اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کپتان سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تھا تاہم پنجاب کے خلاف سندھ کے پہلے میچ میں میدان میں قیادت کے فرائض مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے سرانجام دیے۔

سرفراز احمد نے میچ میں بطور وکٹ کیپر بلے باز شرکت کی اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

میچ کے دوران انہوں نے اسی نمبر پر بیٹنگ کی جس کے حوالے سے انہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل صحافیوں سے سرفراز سے سخت سوالات کیے تھے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام صورت حال کو سنبھالنے میں ناکام رہے۔

ذرائع کے مطابق بعدازاں سرفراز نے ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ وہ سندھ کی طرف سے بطور کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں اور کپتانی نہیں کریں گے۔

اپنے فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق صحافیوں کے ساتھ ہونے والی واقعے کی وجہ سے سرفراز اپ سیٹ تھے، ان کی غیر موجودگی میں اسد شفیق کو کپتان مقرر کیا گیا جنہوں نے پنجاب کے خلاف میچ میں 23 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ورلڈ نمبر ون پاکستان کو ایک کمزور سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز میں شکست کے بعد سے سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں۔


متعلقہ خبریں