لاہور: پی آئی اے کی پرواز سے پھر پرندہ ٹکرا گیا


لاہور: ائر پورٹ کی حدود میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز پی اے 401 سے پرندہ ٹکرانے واقعہ پیش آیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اطلاعات کے مطابق رن وے سے اڑان بھرتے ہی جہاز سے پرندہ ٹکرا گیا۔  پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو واپس ائرپورٹ پر اتار لیا۔

رن وے پر بحفاظت جہاز اتارنے کے بعد انجینئرنگ عملے کی جانب سے جہاز کا معائنہ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد جہاز کو منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ائر پورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ

رواں سال اگست میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ائر پورٹس پر صرف پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی تعداد 50 سے تجاوز کر چکی ہے۔

جنوری سے اگست تک صرف لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے 16 واقعات پیش آئے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے دوسرے ائر پورٹس پر آٹھ ماہ میں 36 واقعات پیش آئے۔

کسی  ایک طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا مطلب مالی نقصان سمیت اس طیارہ کے ذریعے آپریٹ کی جانے والی پروازوں میں تاخیر بھی ہوتی ہے۔

پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کے ترجمان  نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پرندے ٹکرانے سے مالی نقصانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور پروازوں میں تاخیر کی وجہ سے ہماری ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک واقعہ سے تین سے چار پروازیں متاثر ہوتی ہیں جسکا خمیازہ ائر لائن کو بھگتنا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں