پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو


لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل میں گرفتار ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو 16 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیرا گون ریفرنس کی سماعت کی اور خواجہ برادان کو 9 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان اور علی ٹیپو عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی جانب سے اشتر اوصاف علی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔

یہ بھی پڑھیں: پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس، خواجہ برادران پر فرد جرم عائد

وکیل صفائی اشتر اوصاف نے موقف اپنایا کہ خواجہ برادران پر اپنے عہدے کے غلط استعمال کا کوئی الزام نہیں اور نی عوام الناس سے فراڈ بھی کیا۔

وکیل خواجہ برادران عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ برادران کے خلاف صرف دو درخواستیں آئیں جن کے مقدمے سول عدالت میں چل رہے ہیں اور اگر سول کیس چل رہا ہو تو فوجداری مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔

وکیل استغاثہ نے موقف اپنایا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد دائرہ اختیار کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

اشتر اوصاف علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر فرد جرم عائد ہو جائے تو عدالت اس میں ترمیم کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے خواجہ برادران سمیت 5 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے جب کہ عدالت ملزمان عمر ضیا، ندیم ضیا اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

مذکورہ کیس میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

عدالت نے گزشتہ ماہ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کی جس سے ملزمان نے انکار کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں