کرپشن کے الزام میں گرفتار ملزمان پلی بارگین کیلئے تیار


اسلام آباد: سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار 6 ملزمان 7.5 کروڑ روپے کی پلی بارگین کرنے پر رضامند ہو گئے۔

ملزمان میں اسلم پرویز، عبدالرشید چنا، ظفر انٹر پرائزز، عزیر تحسین، بلدیو اور عابد آرائیں شامل ہیں۔

ملزمان عبدالشکور مہر ڈی جی رورل ڈولپمنٹ سندھ اورعبدالستار قریشی ایکس سی این کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا.

اس موقع پر  نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بیورو کی جانب سے 3 ملزمان عزیر تحسین، بلدیو اورعابد آرائیں کے کال آپ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شریک ملزم اسلم پرویز میمن پر ٹھیکوں میں 25 لاکھ، عبدالرشید چنا پر 50 لاکھ  کا فائدہ اٹھانے جبکہ ظفر انٹرپرائزز پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ٹھیکوں میں سندھ حکومت کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ شریک ملزمان کے بیانات اور پلی بارگین کی روشنی میں ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 دن کی توسیع کر دی۔


متعلقہ خبریں