اقتدار کی خاطر کیا جانے والا شو مکمل فلاپ ہو گا، گورنر سندھ

پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے والا ہے، گورنر سندھ

فوٹو: فائل


نواب شاہ: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اقتدار کی خاطر کیا جانے والا شو مکمل فلاپ ہو گا اس کے باوجود مولانا فضل الرحمان اپنا شوق پورا کر لیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نواب شاہ میں اداکار گلاب چانْڈیو کے گھر پہنچے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی سندھ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی اور گورنر راج کی بات نہیں ہو رہی ہے جبکہ سندھ کی عوام کی مرضی کے بغیر کوئی صوبہ نہیں بنے گا۔  پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صرف انتظامی بنیاد پر نئے صوبے بنائے جائیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو خود بھی معلوم نہیں ہے کہ وہ احتجاج کیوں کر رہے ہیں اور اقتدار کی خاطر کیا جانے والا شو مکمل فلاپ ہوگا، مولانا فضل الرحمان اپنا شوق پورا کر لیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں جارہی اور ن لیگ میں بھی دو گروپ ہیں، ایک گروپ دھرنے میں جانا چاہتا ہے اور دوسرا گروپ نہیں جانا چاہتا۔ جو گروپ جانا چاہتا ہے اس میں سے بھی آدھے نہیں جانا چاہتے۔

یہ بھی پڑھیں ’مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا گیا تو پورا پاکستان بند کردیں گے‘

انہوں نے کہا کہ 30، 40 سال سے ملک کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ایک سال میں ازالہ نہیں کر سکتی۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے ایک سال میں ہیلتھ کارڈ، شیلٹر ہوم، احساس پروگرام کر کے ملک کو بہتری کے راستے پر ڈال دیا ہے۔


متعلقہ خبریں