فواد چوہدری نے ناراض کیا، عمران اسماعیل نے منا لیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان پر روٹھنے والی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے منا لیا ہے۔

گزشتہ روزنجی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی سے ختم ہوگئی ہے۔

فواد چوہدری کے اس بیان پر ایم کیو ایم پاکستان نے ناراضگی کا اظہار کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مصنوعی نظام چلنے والا نہیں ہے، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی ہے اور نہ ہی خواہشات پر کوئی ٹیکس لگاہے۔

صورت حال کی سنگینی کو بھانپ کر گورنر سندھ عمران اسماعیل میدان میں آئے اور دونوں جماعتوں کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کردیا۔

انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان باہمی اعتماد کا رشتہ ہے۔

اس صورت حال کے بارے میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو قومی اسمبلی میں عددی اکثریت حاصل نہیں ہے ایسے حالات میں ایم کیو ایم پاکستان کی ناراضگی حکومت کےلیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی 7 نشستیں ہیں جب کہ پارٹی کے 2 ارکان وفاقی کابینہ کا حصہ بھی ہیں۔


متعلقہ خبریں