سنسنی خیز مقابلہ، اسلام آباد یونائٹڈ کی ناقابل یقین فتح


شارجہ: پاکستان سپر لیگ تھری کے 12ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔

اسلام آباد کی جانب سے دیے گئے 121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کی ٹیم میدان میں آئی۔ قلندرز کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 121 رنز ہی بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہوا تو فاتح ٹیم کا فیصلہ سپر اوور پہ کیا گیا۔

سپر اوور میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 رنز بنائے۔ 16 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم میدان میں آئی اور مطلوبہ ہدف سپر اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ کا سپر اوور پی ایس ایل کی تاریخ کا پہلا سپر اوور تھا۔

اسلام آباد کی جانب سے آغا سلمان 48 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

میچ کےآغاز میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔

بحران میں گھری ٹیم  قلندر کے بالرز نے یونائیٹڈ بلے بازوں کو بڑی اننگ کھیلنے سے روکے رکھا۔

اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئے تو رونکی بغیر کوئی اسکور بنائے فخر زمان کی گیند کا شکار ہوئے۔

یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ 18 کے مجموعی اسکور پر گری جب فرحان چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مصباح الحق میدان میں آئے تو ڈیبیو بالز سلمان ارشاد کے پہلے اوور کی پہلی گیند پر وکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

کپتان کو آؤٹ کر کے بالر سلمان ارشاد نے کرئیر کی پہلی وکٹ اپنے نام کی۔

مصباح یونائیٹڈ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔ انہوں نے دس گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف چار رنز بنائے۔

چوتھی وکٹ سمیت پاٹیل کی گری۔ انہوں نے نو رنز بنائے۔ اس دوران ٹاپ آرڈر بلے باز جین پال ڈومینی نے میدان سنبھالے رکھا۔

آصف علی ڈومینی کا ساتھ دینے کو میدان میں آئے تو مجموعے میں 16 رنز کا اضافہ کر پائے اور یاسر شاہ کی گیند کا شکار ہو گئے۔

جے پی ڈومینی 34 رنز بنا کر یاسر شاہ کی ہی گیند کا تیسرا شکار بنے۔ ڈومینی 70 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے۔


متعلقہ خبریں