ملک میں مہنگائی کی لہر، وزیر اعظم نے وزرائے اعلیٰ کو طلب کر لیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں مہنگائی کی روک تھام کے لیے تمام وزرائے اعلیٰ کو طلب کر لیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور وزیر اعظم عمران خان نے چین کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور دیگر امور پر اجلاس میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے چین اور ایران کے دورے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جبکہ مشترکہ اعلامیہ میں چین نے مقبوضہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا۔ وزیر اعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان سہولت کاری کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تنازعات کو ختم کرنا چاہتا ہے کیونکہ ایران اور سعودی عرب ملت اسلامیہ کے اہم ترین ممالک ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کی لہر کی وجہ سے وزیر اعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کو جمعہ کو طلب کر لیا ہے کابینہ نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے جان بچانے والی، کینسر کی ادویات کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے آگاہ کیا کہ 1262 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے چھڑائی جا چکی ہے۔ وزیر اعظم نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین کو بھی استعمال میں لانے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں مولانا کی دہری پالیسی کا نوٹس لیا جائے: جیالوں کا بلاول بھٹو سے مطالبہ

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سی ڈی اے کو مکمل بااختیار ادارہ بنایا جا رہا ہے جبکہ اسلام آباد میں جی 6 سیکٹر کو جدید بنایا جائے گا۔ جی 6 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لنگر خانوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے کی منظوری دی گئی ہے اور حکومت کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔


متعلقہ خبریں