اکرم خان درانی کی نیب میں ایک اور پیشی ، نیا سوال نامہ تھما دیا گیا

حکومت کو زیادہ وقت دینا زیادتی ہو گی، اکرم درانی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور  وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی کی نیب راولپنڈی میں ایک اور پیشی ہوئی ہے ۔ قومی احتساب بیورو نے نیا سوال نامہ تھما کر جے یو آئی رہنما سے دس روز میں جواب طلب کر لیا ۔

اکرم خان  درانی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور بطور وزیر اختیارات کے ناجائز استعمال پر دوبارہ نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ۔اکرم درانی ایک گھنٹہ تک نیب دفتر میں موجود رہے اور نیب کے سوالوں کا تحریری جواب جمع کرایا ۔

باوثوق ذرائع کا کہناہے کہ  سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا سے ایک گھنٹہ پوچھ گچھ  کے بعد تفتیشی افسر نے اکرم درانی کو ایک اور سوال نامہ تھما دیا ۔

قومی احتساب بیورو نے اکرم درانی کو دوسرے سوال نامے کا تحریری جواب دس روز میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واپس جانے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ  خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  اکرم درانی کو 7اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا اور ان سے  پانچ گھنٹے تک  قومی احتساب بیورو (نیب )راولپنڈی آفس میں پوچھ گچھ کی گئی ۔

ذرائع کا کہناہے کہ جعمیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما  اکرم خان درانی سے ان کے آمدن سے زائد اثاثوں کے بارے میں تفتیش کی گئی۔

نیب پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی نے کہا کہ  نیب کے سوالوں کے جوابات دے دیئے ہیں۔ دوبارہ بھی تفصیلات فراہم کر دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بلائیں گے تو پھر بھی آؤں گا،نیب کے دفتر کا احترام کرتا ہوں،اپنا گن مین بھی نہیں ساتھ لایا،اثاثوں سے متعلق سوالنامہ دیا تھا جو بھر دیا، میرے کزن کو بلایا تھا کل میرے بیٹے کو بھی بلایا ہے وہ بھی آئے گا۔

یہ بھی پڑھیے: اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی سے نیب کی 5گھنٹے پوچھ گچھ

 

 

 

 


متعلقہ خبریں