ن لیگ،آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے حکمت عملی طے: اعلان 16 اکتوبر کو ہوگا

ن لیگ،آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے حکمت عملی طے: اعلان 16 اکتوبر کو ہوگا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی جانب سے منعقد کیے جانے والے آزادی مارچ  میں بحیثیت پارٹی شرکت کی حکمت عملی طے کرلی ہے۔

ن لیگ کی اندرونی کہانی: مارچ میں شرکت پرآمادہ، دھرنے پر تحفظات کا شکار

ہم نیوز کے مطابق پی ایم ایل (ن) کی جانب سے طے کی جانے والی حکمت عملی کے تحت پارٹی کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف 16 اکتوبر 2019 کو امیر جے یو آئی (ف) سے ملاقات کریں گے جس میں انہیں پارٹی کی طے کردہ حکمت عملی کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

پی ایم ایل (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی جانب سے آزادی مارچ میں شرکت کی حکمت عملی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کچھ دیر قبل لاہور میں مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے آزادی مارچ میں شرکت کا روڈ میپ بھی طلب کرلیا تھا۔

ذمہ دار ذرائع نے اجلاس کے حوالے سے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ رہنماؤں نے آزادی مارچ میں شرکت پررضامندی ظاہر کی تھی لیکن دھرنے میں شریک ہونے کے معاملے پر وہ تحفظات کا شکار تھے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا تھا کہ شرکائے اجلاس نے تجویز پیش کی ہے کہ پارٹی صرف آزادی مارچ میں شریک ہو اور دھرنے میں شرکت سے اجتناب برتے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا تھا کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں لہذا عوامی جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتجاج کرنا بھی ضروری ہے۔

جے یو آئی نے صرف آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے دھرنے کا نہیں، احسن اقبال

اجلاس میں پی ایم ایل (ن) نے فیصلہ کیا تھا کہ گلگت، بلتستان اور بلوچستان میں پارٹی کارکنان کو بھرپور طریقے سے متحرک کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ میں جے یو آئی (ف) کے ساتھ مل کر کراچی کے بجائے سکھر سے آزادی مارچ کی ابتدا کرے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کی گزشتہ روز بھی مولانا فضل الرحمان سے جو ملاقات ہوئی تھی اس میں بھی پارٹی نے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں