عمران خان حالات ٹھیک نہیں کر سکتے تو انہیں حکومت چھوڑ دینی چاہیے، حسن نثار


اسلام آباد: سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم عمران خان ملک کے حالات ٹھیک نہیں کر سکتے تو انہیں حکومت چھوڑ دینی چاہیے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ اگر عوام عدم مطمئن اور فرسٹریشن کا شکار ہو تو وہ چاہے گی کہ حکومت کو اب گھر جانا چاہیے۔ ہر شخص یہ کہہ رہا ہے کہ پنجاب سے کیا بدلہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سیاست میں سارے مافیاز موجود ہے جو اپنے اپنے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کی تو ملک کے لیے کوئی قربانی بھی نہیں ہے جس پر ہم فخر کر سکیں۔

حسن نثار نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی خراب ہے اس سے زیادہ خراب صورتحال ہو نہیں سکتی۔ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی نیا کام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے حکومتی نمائندوں کو کہا تھا کہ ڈینگی کی صورتحال کو مت چھیڑنا اور جو قابل لوگ بیٹھے ہوئے ہیں انہیں مت ہٹانا لیکن موجودہ حکومت نے آتے ہی ان لوگوں کو صرف اس لیے ہٹا دیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے لوگ تھے، اب دیکھ لیں ملک میں ڈینگی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ نواز شریف کے بارے میں ایک سنیئر صحافی نے پنجابی میں کہا کہ یہ چلتی پھرتی ٹکر ہیں۔ شہباز شریف کے اختلاف اگر ہوتے بھی ہیں تو ہو سکتے ہیں ایک گھر میں اختلاف ہو جاتے ہیں۔

حسن نثار نے کہا کہ کچھ چیزوں پر میں اب بھی عمران خان کا حامی ہوں لیکن میں اب بھی دونوں سیاسی جماعتوں سے عمران خان کو بہتر سمجھتا ہوں اور ان کی خامیوں کو سامنے لانے کی کوشش کرتا ہوں لیکن اس کی ٹیم ان تمام حالات کے لیے تیار نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں جے یو آئی نے صرف آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے دھرنے کا نہیں، احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کا وزیرا عظم بننے جا رہے تھے لیکن ان کے پاس ٹیم ہی نہیں تھی، یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ اچھی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہوتے۔ آپ کسی جنگ کے لیے جاتے ہیں تو پوری تیاری کر کے نکلتے ہیں۔

سینئر صحافی نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے حالانکہ یہ تو سب کو معلوم تھا کہ ملک کس طرف جا رہا ہے اور اگر آپ سے معاملات نہیں چل رہے تو ہماری جان چھوڑ دیں۔


متعلقہ خبریں