لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کی نہیں جی ڈی اے کی حمایت کررہے ہیں، راشد سومرو


لاڑکانہ: جمعیت العلمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد سومرو نے واضح کیا ہے کہ جے یوآئی (ف) لاڑکانہ عوامی اتحاد کا حصہ اور اس کے فیصلوں کی پابند ہے۔

پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے جے یو آئی کی پوزیشن کلیئر کرنے کا مطالبہ کردیا

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی جانب سے جے یو آئی (ٖف) پر کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان سے استفسار کیا ہے کہ کیا پی پی پی نے لاڑکانہ میں ہماری پارٹی سے تعاون کی درخواست کی تھی؟

راشد سومرو نے کہا ہے کہ جے یو آئی کا سندھ میں بالعموم اور لاڑکانہ میں بالخصوص پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخابی اتحاد نہیں رہا ہے۔

انہوں نے اپنی جماعت پر عائد کیے جانے والے الزام کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کی نہیں جی ڈی اے کے امیدوار کی حمایت کررہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کچھ دیر قبل امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی پارٹی کی پوزیشن کو کلیئر کریں۔

مولانا کی دہری پالیسی کا نوٹس لیا جائے: جیالوں کا بلاول بھٹو سے مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ کہ جمعیت العلمائے اسلام (ف) لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی بنی ہوئی ہے جب کہ وفاق میں اس سے اختلاف کرتی ہے تو یہ کیسی دہری سیاست ہے؟

پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے استفسار کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان واضح کریں کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں یا اس کے خلاف ہیں؟ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آزادی مارچ کے لیے حکومت سندھ شرکا کو سہولتیں دے رہی ہے۔


متعلقہ خبریں