16 اکتوبر کو شہباز شریف حتمی اعلان کریں گے، سینیٹر مصدق ملک


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 16 اکتوبر کو پارٹی صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان متفقہ اعلان کرکے آزادی مارچ سے متعلق حتمی لائحہ عمل واضح کریں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات کے میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم سال 1992 سے سنتے آ رہے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک پیج پر نہیں ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں ہے، یہ بات طے ہے کہ دونوں بھائی ایک ہی پیج پر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف سے متعلق قیاس آرئیاں سراسر غلط ہیں، 16 تاریخ کو شہباز شریف نوازشریف کا پیغام لے کر میڈیا ٹاک میں جائیں گے اور تمام چیزیں واضح کر دیں گے، شہباز شریف نے اپنے بھائی کا آہنی بازو بن کر سیاست کی ہے۔

سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے لچک یہ ہی ہے کہ حکومت آج ہی گھر جانے اور نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دے تو ہم بھی دھرنا اور احتجاج سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی ملک گیر ریلی نکالے گی، نفیسہ شاہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آرٹیکل 16 کے تحت کوئی احتجاج نہیں ہوسکتا تو آئین کو تبدیل کر دیں۔ یہ کوئی غیر جمہوری روایت نہیں کہ عوام یا حزب اختلاف احتجاج نہ کرے۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ عوام کی نقل و حرکت کو رکیں گے۔ ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق ہو گا۔


متعلقہ خبریں