رونالڈو 700 گولز اسکور کرنے والے چھٹے فٹ بالر بن گئے


پرتگال: دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی کریسٹیانو رونالڈو کیریئر کے دوران 700 گولز اسکور کرنے والے چھٹے فٹ بالر بن گئے۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے کریسٹیانو رونالڈو نے یہ اعزاز ایورو 2020 کوالیفائنگ میچ میں یوکرین کے خلاف گول داغ کر حاصل کیا۔

پانچ مرتبہ بیلن ڈیور جیتنے والے کھلاڑی نے یوکرین کے خلاف اہم میچ میں 72 ویں منٹ کے اندر ملنے والی پلنٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول اسکور کیا جس کی وجہ سے ان کی ٹیم یوکرین کے خلاف 2 -1 سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

اس گول کے ساتھ 34 سالہ رونالڈو فٹ بال کی تاریخ میں 700 گول اسکور کرنے والے چھٹے فٹبالر بن گئے۔

اس ضمن میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق جوینٹس فٹ بال کلب کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی نے 973 میچوں میں 700 گولز اسکور کئے ہیں۔

سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی جوزف بیکن ہیں جن کا تعلق آسٹریا سے ہے۔انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 805 گولز اسکور کئے تھے۔

برازیل کے لیجنڈ کھلاڑی روماریو 772 گولز اسکور کر کے دوسرے، پیلے 767 گولز کے ساتھ تیسرے ہنگری کے لیجنڈ فٹ بالر پیوسک 746 گولز کے ساتھ چوتھے جبکہ جرمنی جرڈ میلور 735 گولز اسکور کر کے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر گولز کی تعداد دیکھیں تو رونالڈو اس فہرست میں 95 ویں گول اسکور کر کے دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

اس فہرست میں پہلا نمبر ایران کے لیجنڈ فٹ بالر علی ڈای کا ہے جنہوں نے 109 گولز اسکور کر رکھے ہیں۔

رونالڈو کے اس ریکارڈ کو ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی سے خطرہ ہے جنہوں نے اب تک 672 گول اسکور کر لئے ہیں۔


متعلقہ خبریں