میکسیکو میں فائرنگ سے 14 پولیس اہلکار ہلاک


میکسیکو میں فائرنگ سے 14 پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس اہلکار ال اگواجی میں عدالتی کارروائی پر عمل درآمد کے لیے جا رہے تھے کہ جرائم پیشہ گروہ سے منسلک افراد نے قافلے پر فائرنگ کر دی جس سے بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کے قافلے کو چاروں جانب سے اسلحے سے لیس افراد نے گھیرا جو کہ ایک ٹرک میں سوار تھے۔

ان افراد نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑی کو بھی نذر آتش کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جالیسکو نیووا جنریسیئن کارٹیل نامی گروہ نے کیا ہے جس کے سربراہ کو پولیس نے چند روز قبل قتل کیا تھا۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے حقیقی ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے تمام ذرائع کو بروئے کار لایا جائے گا اور انہیں سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ اسمگلنگ اور تشدد کی وجہ سے خبروں میں رہا ہے۔

میکسیکو کے نئے صدر آندرس مینوئل لیپیز اوبراڈور نے جب سے عہدہ سنبھالا ہے وہ منشیات سے منسلک جرائم پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس اس علاقے میں جرائم پر قابو پانے کی حتی الامکان کوشش کر رہی ہے مگر یہاں جرائم کی شرح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں