’وہی خدا ہے‘ کے سحر میں بھارتی مدہوش

’وہی خدا ہے‘ کے سحر میں بھارتی مدہوش

اسلام آباد: گزشتہ دو غیر مقبول سیزنز کے بعد کوک اسٹوڈیو کا بارویں سیزن کا آغاز عاطف اسلم کی سہر انگیز آواز میں حمد باری تعلیٰ ’وہی خدا ہے‘ سے کیا جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔

گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز نشر ہونے والی یہ حمد بھارت میں کئی روز تک سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر ٹاپ  ٹرینڈ کرتی دیکھی گئی ہے۔

عاطف اسلم کے بھارتی مداح ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب پر ان کی اس خوبصورت آواز میں گائے گئی حمد کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔

’وہی خدا ہے‘ نامی یہ حمد اس سے قبل کئی سال پہلے استاد نصرت فتح علی خان اور مظفر وارثی نے پڑھی تھی مگر آج کی نوجوان نسل کو اس خوبصورت کلام سے ہم آہنگ کرنے کے لئے روحیل حیات نے اپنی کمپوزیشن سے اس کو ایک نیا رنگ دے ڈالا ہے۔

اس خبر کو فائل کئے جانے تک اس کلام کو اب تک یوٹیوب پر گیارہ ملین یعنی ایک کروڑ دس لاکھ لوگ سن چکے ہیں۔

حمد نشر ہونے سے قبل عاطف اسلم نے اپنے اس نئے تجربے کے حوالے سے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وہ یہ کلام اپنے بیٹے احد کے نام کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’ میرا بیٹا پانچ سال کا ہے جب وہ بڑا ہو کر اسے سنے گا تو یہ سوچ کر خوش ہو گا کہ اس کے باپ نے یہ حمد پڑھی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ جب بھی اپنے خالق کی بات آتی ہے تو اس کو سوچنے میں ہی ایک الگ مزہ محسوس ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس کلام کو دل اور عقیدت سے پڑھا ہے کیونکہ جو چیز دل سے پڑھی جاتی ہے وہ قبول ہوتی ہے اور جب وہ قبول ہو جائے تو آپ اس فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں جنہیں وہ چاہتا ہے۔‘

حمد کے آخر میں درود پاکﷺ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جب بھی جہاں بھی اللہ کا نام آتا ہے وہیں اس کے محبوب کا نام لینا بھی لازم ہے‘۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز سے دنیا بھر کے خاص طور بھارت کے لوگ عاطف اسلم کے اس نئے کلام کی تعریف کر رہے ہیں۔

یو ٹیوب پر بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے لکھا کہ ’میں بھارتی شہری ہوں مگر جب بھی عاطف اسلم کو سنتا ہوں تو مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں کتنے اچھے گلوکار موجود ہیں۔‘

ٹوئٹر کے ایک صارف نے لکھا کہ ’ کتنا خوبصورت احساس ہے کہ کوئی اپنی خوبصورت آواز سے کسی غیر مسلم کے بھی رونگٹے کھڑے کر دے، اگر کسی کو یقین نہیں تو وہ عاطف اسلم کی آواز میں وہی خدا ہے سن لے۔‘


ایک اور بھارتی صارف نے ٹوئٹر پر کلام کی تعریف میں لکھا کہ ’ خوبصورت میلوڈی، خوبصورت آواز ‘۔


متعلقہ خبریں