جناح ایکسپریس کے کرایوں میں پچاس فیصد کمی


کراچی: حکومت نے جناح ایکسپریس کی اکانومی کلاس کے کرایوں پر پچاس فیصد رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ریلوے مسافروں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے جناح ایکسپریس کی اکنامی کلاس کی بوگیوں میں اضافے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس میں  منگل سے اکنامی کلاس کی اضافی بوگیاں لگاٸی جا رہی ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے جناح ایکسپریس کے مسافروں کےلیے کرایہ آدھا کر دیا گیا ہے، لاہور تک کرایہ اٹھارہ سو پچاس روپے سے کم کر کے نو سو پچاس روپے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کرائے میں کمی صرف پندرہ اکتوبر کے لیے ہو گی۔

یاد رہے کہ شیخ رشید احمد نے 40 فیصد سے کم بکنگ والی مسافر ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جس ٹرین کی 70 فیصد نشستوں کی بکنگ نہیں ہوگی وہ خسارے میں چلے گی، خسارے والی  ریل گاڑیاں چلانے سے ریلوے کا نقصان ہوتا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا تھا کہ جو اسٹیشن آمدنی نہیں دے گا اس کو بھی ختم کر دیں گے تاکہ ریلوے کے خسارے پہ قابو پایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ٹرین لیٹ ہوتی ہے تو اس سے باقی 138 ریل گاڑیاں متاثر ہوتی ہیں۔ ٹرینوں کا شیڈول متاثر تھا لیکن اب بہتری آ رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا تھا کہ  پاکستان ریلوے کی اٹھارہ  ارب روپے کی آمدنی  مال بردار ٹرینوں سے ہے، فریٹ اینڈ لینڈ ٹرین نئے بجٹ میں ہمارا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ریلوے کی کارکردگی بہتر کرنے اور نئی  پٹڑی بچھانے کے لیے ایم ایل ون  پر اکتوبر میں دستخط ہونگے۔ اقتصادی رابطہ کونسل کی رابطہ کمیٹی (ایکنیک) نے پہلے ہی ایم ایل ون  کی منظوری دے دی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ ریلوے کے چیف ایگزیگٹو آفیسر کی خالی اسامی کو پر کرنے کی سمری بیجھی جاچکی ہے، جو سینیئر ہوگا وہی سی ای او ہوگا۔ پہلے دوسرے محکموں سے بندے ریلوے میں نہیں آسکتے تھے لیکن اب آسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ریلوے میں سیاست اور گروپ بندی ختم نہیں کرا سکے۔


متعلقہ خبریں