سینیٹ انتخابات، اپوزیشن کا حکومت پردھاندلی کا الزام


لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات کے دوران حکومت پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ تحریک انصاف نے پولنگ روک کر بیلٹ باکس چیک کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن شعیب صدیقی نے الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی قیادت میں حکومتی اراکین نے پولنگ بوتھ پر دھاوا بولا اور بیلٹ پیپرز اٹھا کر باہر لے گئے ہیں۔

شعیب صدیقی نے الزام لگایا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ ارکان بیلٹ باکس میں خالی پرچیاں ڈال کر بیلٹ پیپر باہر لے کر جا رہے ہیں۔ ہم نے پریزائیڈنگ افسر کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے تاہم پریزائیڈنگ افسر ہماری شکایت سننے کو تیار نہیں ہیں۔

شعیب صدیقی نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر کو ووٹنگ رکوا کر بیلٹ باکس کھلوانے کی تحریری درخواست دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اگر بیلٹ باکس سے خالی پرچیاں نکلیں تو انتخاب کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نےدعویٰ کیا کہ ایک رکن پنجاب اسمبلی کو بیلٹ باکس میں خالی پرچی ڈالتے دیکھا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ووٹ کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں