برطانوی شاہی جوڑا چترال پہنچ گیا


اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے ہیں جہاں پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں روایتی ٹوپی پہنائی گئی۔

ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے کوہ ہندوکش کے برف پوش پہاڑوں اور وہاں کے خوبصورت نظاروں کا فضائی جائزہ لیا ہے۔

اس کے علاوہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پگھلتے ہوئے گلیشیئرز کو بھی دیکھا اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑا چترال میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی استعداد کار کا جائزہ لے گا۔

بعد ازاں شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن مقامی کیلاش قبیلے کے روایتی رہن سہن کو بھی دیکھیں گے۔
یاد رہے برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ 13 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

گزشتہ روز شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی تھی۔

شاہی مہمانوں کی وزیراعظم ہاوس آمد پر عمران خان نے ان کا استقبال کیا۔

صدر مملکت عارف علوی سے معزز مہمانوں کی ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔

عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ماحولیات اور تعلیمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین کا دورہ

مہمانوں کو پاکستان میں عوامی فلاح کے منصوبوں، غربت کے خاتمے اور ماحولیات کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، زلفی بخاری اور ثانیہ نشتر سمیت کابینہ کے پانچ ارکان نے شرکت کی۔

قبل ازیں  شہزادے ولیم اورکیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے ماڈل کالج برائے خواتین کا دورہ بھی کیا۔ کالج کی انتظامیہ نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا۔

شہزادے نے اسکول کے بچوں سے بات چیت بھی کی اور تصویر بھی بنائی۔ برطانوی شاہی جوڑا پانچ روز دورے پر پیر کے روز پاکستان پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں