پاکستان میں اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آنے کا امکان

ہانگ کانگ کی کمپنی پاکستان میں 240 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

فائل فوٹو


اسلام آباد: ہانگ کانگ کی بندر گاہوں پر کام کرنے والی ایک کمپنی’ہٹچیسن پورٹ ہولڈنگز’ نے پاکستان میں 240 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کے ایک وفد نے منیجنگ ڈائریکٹر ایرک آئی پی کی سربراہی میں عمران خان سے ملاقات میں سرمایہ کے معاملات پر بات کی۔ عمران خان نے کمپنی کے فیصلے کو سراہا اور شکریہ بھی ادا کیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی، مشیر تجارت عبد الرزاق داود، معاون خصوصی ذلفقار بخاری اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں نئی سرمایہ کاری سے ملک آگے بڑھے گا اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔

ملاقات میں موجود بیرونی سرمایہ کاری کے سفیر جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے سبب نئے کنٹینر ٹرمینل کی ضرورت تھی اور اس سرمایہ کاری سے نہ صرف ہماری بندر گاہ کی ضروریات پوری ہوں بلکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایرک آئی پی نے بتایا کہ حالیہ فیصلے کے بعد پاکستان میں کمپنی کی مجموعی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ نئی سرمایہ کاری کے بعد کمپنی کےملازمین کی تعداد 3 ہزار ہوجائے گی۔

‘ہٹچیسن پورٹ ہولڈنگز بندر گاہوں پر کام کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اس کے پاس 30 ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔

مذکورہ کمپنی کا مرکزی دفتر ہانگ کانگ میں ہے اور یہ 27 ممالک کی 52 بندر گاہوں پر کام کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں