ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان سہولت کاری کا کہا تھا، عمران خان

ٹرمپ جنگوں پر یقین نہیں رکھتے، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات کافی پیچیدہ ہیں تاہم مجھے امید ہے کہ اس میں بہتری آئے گی۔

امریکی ٹی وی سے ایران کے حالیہ دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب میں نیویارک میں تھا تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مجھ سے امریکہ اورایران کے درمیان سہولت کاری کا کہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ ایران کے دوران میں نے صدر ڈاکٹرحسن روحانی سے امریکی پیش کش کے بارے میں بات کی ہے، صورت حال ابھی ارتقائی مرحلے میں ہے، دیکھتے ہیں کہ اس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، فریقین کا جواب سامنے آنے سے پہلے زیادہ تفصیلات میں جانا مناسب نہیں۔

اس سوال پر کہ کیا آپ حالیہ پیش رفت سے پر امید ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے متعلق لوگ جو بھی کہیں اور جتنی بھی تنقید کریں، جو بات مجھے ان کی اچھی لگتی ہے کہ وہ جنگوں پر یقین نہیں رکھتے لہذا میں کافی پر امید ہوں۔

واضح رہے گزشتہ روز مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرانے کا مشن لے کر وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب  پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارتکاری کے ذریعے حل پر زور دیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور خطے کی امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی۔


متعلقہ خبریں