مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آزادی مارچ کے معاملے پر مذاکرات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی کی سربراہی وزیر دفاع پرویز خٹک کریں گے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محفوظ راستہ چاہتے ہیں اور ان سے رابطے جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 سے 26 اکتوبر کے درمیان اچھی خبریں ملیں گی۔

ادھر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا حکومت کے لیے لمحہ فکریہ نہیں ہے، ’مولانا ڈیزل‘ کا دھرنا کسی صورت کامیاب نہیں ہو گا۔

جہانگیر خان ترین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان درس کے بچوں کو ڈھال بنا کر حکومت کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا جسے ’آزادی مارچ‘ کا نام دیا گیا۔

بعدازاں اس کی تاریخ تبدیل کرکے 31 اکتوبر کردی گئی۔ آزادی مارچ کو اے این پی اور مسلم لیگ نواز سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں