’عمران اسماعیل کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتا‘


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمران اسماعیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کا انتظامی معاملات میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں عمران اسماعیل کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے برعکس کوئی کام نہیں ہونےدیں گے اور جو آئین توڑنے کے لیے بضد ہیں انہیں سزا بھی ملےگی۔

کراچی میں کچرا مہم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 21 ستمبر سے اسے شروع کیا گیا اور اب تک تین لاکھ ٹن سے زائد کچرا لینڈ فل سائٹ پر پہنچ چکا ہے۔

مراد علی شاہ نے الزام عائد کیا کہ کچھ دن پہلے وفاق کی طرف سے مہم چلی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صفائی مہم میں ڈیڑھ لاکھ ٹن کچرا اٹھایا ہے۔

اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لینڈ فل سائٹ پر کچرے کا وزن کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس چھ اضلاع ہیں جبکہ 70 سے 75 فیصد کچرا یہاں موجود ہوتا ہے تاہم یہاں ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کام نہیں کررہا تھا۔

شہر میں کتوں کے کاٹنے کے حالیہ واقعات پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے اسپتالوں میں ویکسین موجود ہے۔


متعلقہ خبریں