سینیٹ انتخاب، فاٹا سے ن لیگ کے رکن کا بائیکاٹ


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین نے سینیٹ انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ کہتے ہیں کہ افسوس ہوا فاٹا سے ہارس ٹریڈنگ نہیں رک سکی ہے۔

شہاب الدین نے سینیٹ انتخاب سے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے انتخابات کے طریقہ کار میں ہارس ٹریڈنگ ختم نہیں ہوئی ہے۔ چھ کا گروپ بننے سے صورتحال خراب ہوتی ہے۔ چھ کا ٹولہ پرویز مشرف کے دور میں آیا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھ ممبران چار سینیٹرز کو منتخب کررہے ہیں اور دوسری جانب ہم پانچ ووٹرز فارغ بیٹھے ہیں۔ موجودہ قومی اسمبلی میں فاٹا  کے چھ اراکین ایک طرف اور پانچ اراکین دوسری طرف ہے۔

شہاب الدین نے کہا کہ میں ںے تجویز دی تھی کہ فاٹا کے لیے پوری قومی اسمبلی ووٹ ڈالے اس تجویز سے ہارس ٹریڈنگ رک سکتی تھی۔ میری تجویز تھی کہ اسلام آباد کی طرح فاٹا کو بھی الیکٹورل کالج سے منتخب کیا جائے۔

انہوں نے فاٹا اراکین سے مطالبہ کیا کہ ایسے انتخابات سے بائیکاٹ کریں جس میں ہمارے ووٹ سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں