مصباح کھلاڑیوں کے رویے سے مایوس

مصباح کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کی مخالفت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق کپتان سرفراز احمد سمیت ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے رویے سے مایوس ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے مصباح الحق کی ٹریننگ اور ڈسپلن کے معاملات پر خصوصی توجہ ہے تاہم کچھ کھلاڑی ان کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل نہیں کررہے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیف ایگزیکیٹیو وسیم خان سے ایک ملاقات میں مصباح الحق نے کھلاڑیوں کے رویے کے حوالے سے شکایت کی اور کہا کہ کچھ کھلاڑی فٹنس بہتر کرنے کے لیے درکار محنت نہیں کررہے۔

حال ہی میں ٹیم کو سری لنکا کی کمزور ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شکست کے باعث مصباح الحق اور سرفراز احمد پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مصباح الحق پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے بھی زیادہ پرامید نہیں جہاں گرین شرٹس کو ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔

مصباح الحق کی خواہش ہے کہ ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو ان دنوں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں