ایک کروڑ سرکاری نوکریوں کا وعدہ نہیں کیا تھا، فواد چوہدری

وفاقی کابینہ: تھریٹ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک کروڑ نوکریوں کا کہا تھا تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ ‘سرکاری’ نوکریاں فراہم کی جائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کل ایک تقریب میں ملازمتوں کے حوالے سے میرے بیان کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میرا مطلب یہ تھا اور آج بھی اس پر قائم ہوں کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی معیشت کا مستقل حل نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کا کام ایسے مواقع پیدا کرنا ہے کہ جس میں ملازمتیں پیدا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کی کل ملازمتوں میں حکومتی ورک فورس کا تناسب صرف چھ فیصد ہے، باقی 94 فیصد ملازمتیں نجی شعبے کی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ہم اس چھ فیصد کو دگنا بھی کردیں تب بھی روزگار کا مسئلہ حل نہیں ہوگا اور اگر ایسا کیا بھی جائے تو معیشت کے ساتھ حکومتی ادارے بھی بیٹھ جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بے دریغ سرکاری ملازمتیں دیکر اداروں کو دیوالیہ کرنا پی پی اور ن لیگ کی حکومتوں کا وطیرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ کے خلاف لوگ بھرتی کیے گئے جس کے سبب اداروں کی کارکردگی متاثر ہوئی اور معیشت کا نقصان ہوا۔


متعلقہ خبریں