مولانا کا دھرنا حکومت کے لیے لمحہ فکریہ نہیں ہے، جہانگیر ترین


چکوال: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا حکومت کے لیے لمحہ فکریہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’مولانا ڈیزل‘ کا دھرنا کسی صورت کامیاب نہیں ہو گا۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے یہ بات عین اس وقت کہی ہے کہ جب وفاقی حکومت نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) سے مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

جہانگیر خان ترین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن درس کے بچوں کو ڈھال بنا کر حکومت کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو ذرائع ابلاغ نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے اس موقع پر بات چیت میں الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان دھرنا دینے کے بجائے ملک میں فساد پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو دھرنا دیا تھا وہ ملک و قوم کے مفاد میں تھا۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کے لیے جو فورس تیار کی ہے اس کے خلاف حکومت بھر پور کارروائی عمل میں لائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے ذرائع ابلاغ سے یہ بات چیت خوراک کے عالمی دن کے موقع پر دھرابی ڈیم میں مچھلی کی افزائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران کی۔

اسلام آباد پولیس نے آزادی مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دیں

تقریب کے شرکا کو ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 9 ہزار میٹرک ٹن مچھلی کی افزائش کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس پانی میں مچھلی کی افزائش نسل ہو رہی ہو تو وہ پانی انتہائی صاف و شفاف ہو جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں