کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، شاہ محمود


اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہاہے کہ  کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لئے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار اطالوی ممبر پارلیمنٹ و چیرمین اطالوی انڈسٹریز ایسوسی ایشن برائے فضائی حدود، سیکیورٹی و دفاع گائیڈو کروسیٹوسے  ملاقات  میں کیا۔

وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاہے۔

ملاقات  میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اطالوی پارلیمینٹرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ غیر آئینی اقدام اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے محصور بنا رکھا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ان یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات سے پورے خطے میں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا ۔

یہ بھی پڑھیے:برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔


متعلقہ خبریں