ڈاکٹر معید یوسف نے اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا


اسلام آباد: معروف مصنف اور ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر معید یوسف نے اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ ان کی تقرری پچھلے ماہ عمل میں لائی گئی تھی۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ اس سیل کے قیام کا مقصد حکومت کی معاونت کیلئے، تحقیق کو بروئے کار لا کر اہم قومی امور اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پالیسی تجاویز مرتب کرنا ہے۔

سیل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر معید یوسف قومی سلامتی کمیٹی کے رکن بھی ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: دنیا اب واحد سپر پاور کے دور سے نکل رہی ہے، معید یوسف

معید یوسف متعدد کتابوں کےمصنف ہونے کے علاوہ بین الاقوامی تھینک ٹینکس اور جامعات کے ساتھ بھی منسلک رہے ہیں۔

انہوں نے غربت میں کمی، نیوکلیئر دور میں امن کی کوششیں اور دہشت گردی کے حوالےسے پاکستان کی مشکلات کے عنوانات سے کتابیں لکھیں۔

وہ امریکہ کے ادارہ برائے امن میں وسطی ایشیائی ممالک کے حوالے سے قائم ڈیسک کے نائب صدر بھی رہے ہیں۔

معید یوسف نے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹر اور پولیٹیکل سائنس میں ڈاکٹر(پی ایچ ڈی) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے بوسٹن یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات اور پولیٹیکل سائنس کے استاد کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دی ہیں۔


متعلقہ خبریں