لاڑکانہ پی ایس-11: ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع

لاڑکانہ پی ایس-11: ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ آج ہوگی

لاڑکانہ: سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس -11 پہ ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے جو آج شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

ہم نیوز کے مطابق لاڑکانہ کی نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو اور جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے لیکن اسے کانٹے دار قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب  پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات پر انتظامات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز دھامرا کا کہنا ہے کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایسے تمام حربوں کو ناکام بنا دے گی۔ ہمارے نہتے کارکنوں پر حملے کیے جارہے ہیں اس کے باوجود بھی ہم پرامن انتخابات چاہتے ہیں۔

لاڑکانہ ضمنی انتخابات:پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج تعینات کرنے پر پیپلزپارٹی کی تشویش

پی ایس – 11 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 138 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 20 کو انتہائی حساس ، 50 کو حساس اور 68 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انتہائی حساس اور حساس قرار دیے جانے والے پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ضمنی انتخاب میں سیکورٹی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فوج، رینجرز اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے انتخابی حلقے میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی انتخابی حلقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ دوران پولنگ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کی نہیں جی ڈی اے کی حمایت کررہے ہیں، راشد سومرو

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر لاڑکانہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔

ہم نیوز کے مطابق لاڑکانہ پی ایس-11 میں رجسٹرڈ رائے دہندگان (ووٹرز) کی کل تعداد 152614 ہے۔ کل رائے دہندگان میں سے رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 83016 ہے جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 بتائی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں