مِچ مارش پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر


سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ آل راؤنڈر مچ مارش پاکستان کے خلاف سیریز سے انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مچ مارش شیفیلڈ شیلڈ ٹورنامنٹ میں بطور کپتان ویسٹرن آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تسمانیہ کے خلاف میچ کھیل رہے تھے۔

اس دوران جب وہ 53 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو انہوں نے ڈریسنگ روم میں جا کر غصے سے دیوار پر مکا دے مارا جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ پر فریکچر آ گیا۔

طبی معائنے کے بعد جاری کردہ رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے کہ مچ مارش کے ہاتھ کو درمیانی انگلی اور کلائی کے درمیان والے حصے پر فریکچر آیا ہے۔

ڈاکٹرز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر کو چھ ہفتوں کے لئے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مچ مارش کا کہنا تھا کہ ’ میری ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر سے بات ہوئی ہے، انہوں نے مجھے کہا کہ تم بنیادی طور پر ایک بے وقوف انسان ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ میرے لئے سبق آموز ہے، کرکٹ ایک کھیل ہے جس میں کھلاڑی آؤٹ ہوتا رہتا ہے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ جب بھی آؤٹ ہو تو دیوار کو جا کر مکا مار دو۔


متعلقہ خبریں