فیصل ایونیو انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کردیا گیا


 اسلام آباد:  وفاقی دارالحکومت کے اہم شاہرہ پر ٹریفک کا بہاؤ کم کرنے کے لئے فیصل ایونیو انڈر پاس منصوبے  کا افتتاح کر دیا گیا۔

وزیر داخلہ بریگیڈر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) علی اعوان نے انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کردیا۔

منصوبے کے تحت  جی سیون اور جی ایٹ کے درمیان بننے والے انڈر پاس کی تعمیر  پر 35 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے سے حادثات میں کمی آنے کے ساتھ ٹریفک کے بہاؤ میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

منصوبے کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علی اعوان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو اسلام آباد میں بہت سارے منصوبے رکے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایٹ سے جی سیون کے درمیان کوئی پل نہ ہونے کی وجہ سے حادثات ہو رہے تھے، آج اس پل  کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا اور تکمیل کا مقررہ وقت 12 ماہ ہے۔ اس پل کی تعمیر 7  سے 8  ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین کا دورہ

علی اعوان کا کہنا تھا کہ برما پل کا کام گزشتہ 15 سال سے نہیں ہوا تھا چھ ماہ کے اندر برما پل تیار ہو جائیگا، جبکہ ایمبیسی روڈ کا منصوبہ 25 دن میں مکمل ہو جائیگا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی اعوان  نے کہا کہ  ہم میٹرو بس بنا کر خوش نہیں ہوتے، عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کا مسئلہ  خاصا سنگین ہے، شہر اقتدار کو یومیہ 206  ملین گیلن پانی چاہیے  جبکہ شہر کو 56  ملین گیلن مل رہا ہے۔

علی اعوان کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کے مسُلہ  کو حل کرنے کے لیے غازی بروتھا  کینال سے 100، 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔

 


متعلقہ خبریں