نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شاہی جوڑی کی بلے بازی


لاہور: شاہی جوڑی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا ہے جہاں پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پی سی بی کے سی ای او وسیم خان اور باولنگ کوچ وقار یونس نے شاہی جوڑے کو اکیڈمی کا دورہ کرایا اور انہیں 1992 عالمی کپ کی ٹرافی اور گیلری میں موجود نمایاں تصاویر دیکھائیں۔

بعد ازاں شاہی جوڑی کرکٹ اکیڈمی میں موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور برٹش کونسل کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈیلٹن نے کرکٹ بھی کھیلی اوربلے بازی میں اپنے جوہر دکھائے۔

نمائشی میچ کے کھلاڑیوں میں حسن علی، اظہر علی، شاہین آفریدی، ثنامیر،عروج فاطمہ اورعائشہ ظفرشامل تھے۔

واضح رہے جینٹلمین گیم کرکٹ برطانیہ کا قومی کھیل ہے اور اس سے برطانوی شاہی خاندان کی پسندیدگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

شاہی خاندان کے افراد کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اور کرکٹ کو ان میں نمایاں مقام حاصل ہے ۔

لارڈز کے تاریخی میدان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملکہ برطانیہ کا مصافحہ برطانوی شاہی روایت کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔

کسی بھی کرکٹر  کے لیے یہ لمحہ یادگار ہوتا ہے ۔ 1971 میں سابق کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم اٹھارہ سالہ عمران خان کے ملکہ برطانیہ سے مصافحے کی تصویر آج بھی محفوظ ہے ۔

1997 میں دورہ پاکستان کے موقع پر ملکہ برطانیہ نے پنڈی اسٹیڈیم کا  دورہ کیا جہاں پر پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں سے ان کا تعارف کرایا گیا ۔

انگلینڈ میں کھیلے گئے حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران کپتانوں کو بکنگھم پیلس میں ملکہ برطانیہ سے ملنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

تصاویری جھلکیاں:


متعلقہ خبریں