اسلام آباد دھرنے کا ممکنہ دورانیہ کتنا؟ جے یو آئی (ف) نے عندیہ دیدیا


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت نے کارکنوں کو کم سے کم ایک ہفتے تک اسلام آباد میں قیام کی ہدایت کردی۔

ذرائع جے یو آئی کے مطابق کارکنوں کو اسلام آباد میں ایک ہفتے قیام اور چار سے پانچ دن کے سفری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع سے آزادی مارچ میں شرکت کے لئے پانچ سے دس بڑی گاڑیاں حاصل کی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر جے یو آئی اور پاکستان کے پرچم لگائے جائیں گے۔

پارٹی قیادت نے کارکنوں کے اسلحہ لانے پر پابندی اور مکمل پر امن رہنے کی ہدایات بھی کی ہے۔

اس سے قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے قائم حکومتی کمیٹی کے رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو بھی پیغام پہنچا دیا گیا ہے اور جمعے سے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ سے چھ ارکان پر مشتمل حکومتی کمیٹی کے ناموں کا اعلان آج شام ہو جائے گا جبکہ پرویز خٹک پرامید ہیں کہ دو سے چار دن میں مذاکرات میں پیش رفت ہو جائے گی۔


متعلقہ خبریں