تحریک انصاف کے رہنما کی جے یو آئی میں شمولیت


پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چارسدہ کے اہم خاندان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق سابق ضلعی ناظم چارسدہ نصیر محمد خان جے یو آئی (ف) میں شامل ہوگئے۔

نصیر محمد خان سابق وفاقی وزیر نثار محمد خان کے فرزند اور تحریک انصاف کے رہنما فضل محمد خان کے بھائی ہیں۔

اس سے قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے قائم حکومتی کمیٹی کے رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو بھی پیغام پہنچا دیا گیا ہے اور جمعے سے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ سے چھ ارکان پر مشتمل حکومتی کمیٹی کے ناموں کا اعلان آج شام ہو جائے گا جبکہ پرویز خٹک پرامید ہیں کہ دو سے چار دن میں مذاکرات میں پیش رفت ہو جائے گی۔

گزشتہ روز ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم اپنی غلطی مانتے ہیں کہ ہم سے تاخیر ہوئی لیکن مولانا فضل الرحمان مذاکرات سے انکار نہیں کریں گے۔ یہ سب کچھ وزیر اعظم عمران خان کے احکامات پر ہو ر ہا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے اپنے رہنماؤں کو بیان بازی سے باز رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس وقت پاکستان انتہائی سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کردار سب کے سامنے ہو گا اس ملک کی بہتری کے لیے جو کچھ ہو سکتا ہے ہم کریں گے اور مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بات آگے چل سکے۔

 


متعلقہ خبریں