’اسلام آباد میں جلسے کر کے واپس نہیں جائیں گے‘

‘جتنی بھی ہماری جماعت کی قوت ہو گی اس حکومت کو گرانے میں لگائیں گے’


اسلام آباد: نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جلسے کرکے واپس نہیں جائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جتنی بھی ہماری جماعت کی قوت ہو گی اس حکومت کو گرانے میں لگائیں گے کیونکہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر پوری قوت سے مولانا کے مارچ کا حصہ بنیں۔

سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا دھرنا فرمائشی تھا، اس حکومت کو نکالنے کے لیے یہاں بیٹھنا پڑے گا کیونکہ دوبارہ اسلام آباد آنے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے انتخابات میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔

پریس کانفرنس میں سینیٹر بزنجو کا کہنا تھا کہ ماضی میں جس طرح بلوچستان حکومت کو توڑا گیا، 2018 میں دھاندلی زدہ انتخابات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں چھوٹی سیاسی جماعتوں نے اسمبلی بائیکاٹ کی تجویز دی تھی مگر اس وقت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کہتے رہے کہ اسمبلی میں جانا چاہیے۔

نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جعلی ہے اور ایسی حکومت کے نقصانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیر کے لیے قرارداد بھی پیش نہیں کر سکے، جن ممالک نے کشمیر اور ایف اے ٹی ایف ووٹنگ پاکستان کو ووٹ نہیں دیا وزیراعظم ان دونوں ممالک میں ثالثی کرنے جا رہے ہیں۔

حاصل بزنجو نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم نے جو تقریر کی وہ ناپسندیدہ ہے کیونکہ لوگ کہتے ہیں انہوں نے دنیا کو دھمکی دی، ایسے وزیراعظم کا رہنا ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔

حکومت پر طنز کے تیر برساتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر ملک اور ہر فورم سے قرضے لیے ہیں، قرضے لینے کے باوجود بھی مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

صحافیوں کے مسائل کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں، مجھے بتایا گیا ہے کہ بعض صحافیوں کو پانچ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، یہ قابل مذمت ہے اور بدترین کام یہ ہے۔


متعلقہ خبریں