مصباح سرفراز کی کپتانی سے ناخوش، تبدیلی کا امکان

اظہر علی کو ٹیسٹ کپتان بنایا جاسکتا ہے، ذرائع

مصباح سرفراز کی کپتانی سے ناخوش، تبدیلی کا امکان

  • ’ٹیسٹ ٹیم میں سلمان بٹ شامل ہوسکتے ہیں’

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق حالیہ مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیوں کے خواہشمند ہیں۔

روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرمناک شکست کے بعد مصباح سمیت ٹیم مینجمنٹ کے دیگر اراکین بھی پریشان ہے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ کی کپتانی سرفراز احمد سے لیکر اظہر علی کو دی جاسکتی ہے جبکہ نائب کپتان محمد رضوان کو بنایا جاسکتا ہے۔

ان کے مطابق اس حوالے سے مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکیٹیو وسیم خان کے درمیان اس حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں سلمان بٹ، سمیع اسلم، شان مسعود، عابد علی، رضوان، امام الحق، عدنان اکمل، محمد موسیٰ اور راحت علی جیسے نام شامل ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں محمد عرفان، عثمان قادر اور ظفر گوہر کی شمولیت کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وسیم خان سے ملاقات کے دوران مصباح الحق نے سرفراز کی طرز کپتانی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

رپورٹس کے مطابق مصباح سرفراز کی جانب سے سری لنکا کے خلاف شکست کی ذمہ داری نہ لینے پر ناخوش ہیں جبکہ وہ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے ٹریننگ کے دوران رویے سے بھی مطمئن نہیں۔

انہوں نے وسیم خان سے حیرت کا اظہار کیا کہ وہاب ریاض، عماد وسیم اور حارث سہیل کس طرح ٹریننگ سے بھاگنے کے راستے تلاش کرتے ہیں۔

مصباح نے بتایا کہ حارث سہیل ٹریننگ کے دوران گھٹنے کے درد کا بہانہ بناتے ہیں جبکہ وہاب ریاض بھی عالمی معیار کی ٹریننگ کے لیے تیار نہیں۔


متعلقہ خبریں