حکومت نے کسٹم اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی

کرپٹ ٹولہ کورونا پھیلانے کی تحریک چلا رہا ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کسٹم اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ دیمک کی طرح ملک کو چاٹ رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کر دیا

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ اسمگلنگ سے ملک کو سالانہ گیارہ سو ارب ڈالرز کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کا مال جب ملک میں آتا ہے تو صنعتیں تباہ ہوجاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا ملک جو قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہو تو اس میں اسمگلنگ معیشت کو مزید نقصان پہنچاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسٹم ڈائریکٹوریٹ اب کسٹم اتھارٹی کے طور کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی بننے سے تمام ادارے آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل اور مضبوط رابطے میں آجائیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کسٹم اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائےگا اور اسمگلنگ روکنے کے لیے سرحدوں کو بھی محفوظ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹم اتھارٹی کا ڈیٹا سنٹرلائزڈ ہو گا۔

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں اور چیک پوسٹوں پرکسٹم انٹیلی جنس، افواج پاکستان اور متعلقہ ادارے اسمگلنگ کا سامان پکڑتے تھے لیکن ان کا ایک دوسرے سے رابطہ نہیں ہو پاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کسٹم اتھارٹی بننے سے سرحدوں پر اسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔

نالائقی نےدکانیں اور صنعتیں بند کرادی ہیں تو نیا کاروبار کون کرے گا؟ مریم اورنگزیب

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل سے اسمگلنگ کے کام سے وابستہ افراد کے لیے حکومت متبادل معیشت کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے افواج پاکستان اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اپنی سرحدوں کو مزید سخت و محفوظ بنانے کی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سرحدوں پر رہنے والوں کا رحجان سرحد کے اس پار ملک سے رہتا ہے تو حکومت اس ضمن میں بھی طریقہ کار وضع کررہی ہے مگر یہ بھی طے ہے کہ سرحدوں کو مزید محفوظ بنایا جائے گا۔

معیشت کو نقصان پہنچانے کے باوجود اسمگلنگ کو نظر انداز کیا گیا،اعجاز شاہ

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان نے کامیاب نوجوان پروگرام کا افتتاح کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نوجوان جن کے پاس کوئی مہارت نہیں ہے انہیں بھی حکومت قطر کے تعاون سے باہر بھیجا جائے گا۔


متعلقہ خبریں