امید ہے مولانا فضل الرحمان مذاکرات کریں گے بھاگیں گے نہیں، وزیر دفاع


اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہم سے مذاکرات کریں گے اور بھاگیں گے نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے حزب اختلاف کی سب جماعتوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ ہم سے ملاقات کریں اور اپنے مسائل سے آگاہ کریں۔ ابھی تک کسی رہنما سے ملاقات نہیں ہوئی ہے لیکن ہمیں امید ہے اچھا نتیجہ نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات خراب کرنے والوں کے پیچھے جو ہاتھ ہیں ہماری کوشش ہے کہ ان ہاتھوں کو کامیاب ہونے سے روکیں اور ہم ملک کے حالات کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری کمیٹی حزب اختلاف کی کمیٹی سے ایجنڈے پر بات کریں گے لیکن ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ کا ایجنڈا سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر تمام سیاستدانوں کی عزت کرتا ہوں اور جو پاکستان کے لیے کام کرنا چاہے گا ہم ان کے ساتھ بیٹھنے کو ترجیح دیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں امید ہے مولانا فضل الرحمان ہم سے ضرور بات کریں گے اور بھاگیں گے نہیں، امید ہے درمیان کا کوئی راستہ نکل آئے گا اور آزادی مارچ کو روکنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی بھی طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں ہوں لیکن اس طرح بھی نہیں ہو سکتا کہ کوئی کہہ میں قبضہ کرنے لگا ہوں اور حکومت کو ہٹانے لگا ہوں۔ مذاکرات کے ذریعے کوئی نتیجہ نکالا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں تاجر برادری حکومتی پالیسی پر مطمئن ہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے دھرنے کے پیچھے انتخابات میں دھاندلی کا معاملہ تھا جو عدالت میں گیا اور ہمارا مسئلہ ختم ہو گیا جبکہ پاناما والا معاملہ بھی سپریم کورٹ چلا گیا تھا جس کے بعد ہم نے دھرنا ختم کر دیا تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے ہمارے مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں سے بھی مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں