ضمنی انتخابات: پی ایس 11 لاڑکانہ میں آج پیپلز پارٹی کا تیر نہیں چلا ، حلیم عادل شیخ


کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ  لاڑکانہ کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں آج پاکستان پیپلز پارٹی کا تیر نہیں چلا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں جیت  گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار کی ہوگی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ  شہید بھٹو اور شہید بی بی کے ووٹرز کو آپ نے ایڈز لگا دی، ایم پی ایز دوپٹے اوڑھ کر انتخابی مہم چلاتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دیں۔ پییلز پارٹی نے مجبور ہو کر پوری پارٹی قیادت کو لاڑکانہ بھیجا۔ گھوٹکی کی طرح لاڑکانہ میں بھی دھاندھلی کی کوشش کی گئی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی کرپشن کا جواب انکے خلاف ووٹ دیکر کیا ہے۔ 117 ارب روپے لاڑکانہ پر لگانے کے باوجود آصف علی زرداری کی بیٹی کو گلی گلی آخر کیوں پھرنا پڑا ؟

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ پی ایس-11: ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ کے الیکشن پر ایک ارب سے زیادہ خرچ کیا ہے لیکن لاڑکانہ کا عوام اب پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں ہیں۔

دریں اثناء میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے الزام عائد کیا کہ ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے دوران ہمارے ایجنٹس کو آنے نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  الیکشن ہوگئے نتائج لارہے ہیں مگر فارم 45 نہیں لا رہے جبکہ الیکشن کمیشن فارم 45 کا جواب دینے سے انکار کررہی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پچھلے سال ہونے والے عام انتخابات میں میں بلاول بھٹو زرداری کے فارم 45 تین دن کے بعد ملے۔


متعلقہ خبریں