اسلام آباد میں “درست دام” ایپ متعارف کرا دی گئی


اسلام آباد: ڈائریکٹر ایگریکلچر، کمشنر آفس اسلام آباد قیصر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شہر اقتدار میں ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے “درست دام” ایپ کا افتتاح کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “درست دام” ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھ کر روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں سے آگاہ رہ سکتے ہیں۔ ایپ میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ قیمتیں درج کی گئی ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایپ کا مقصد لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے، اس کے ذریعے شہری قیمتوں کے حوالے سے اپنی شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

ڈائریکٹر ایگریکلچر کے مطابق “درست دام” ایپ سے شہریوں کو بہت فائدہ حاصل ہو گا، یہ انہیں چیزوں کی بدلتی قیمتوں سے ہر وقت با خبر رکھنے میں مدد دے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ایپ کا مقصد شہریوں کو دکانداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کے دھوکے سے بچانا ہے۔

پھل اور سبزیوں کی ہوم ڈلیوری

قیصر خٹک نے بتایا کہ”درست دام” ایپ اشیا کی قیمتیں بتانے کے ساتھ ساتھ گھر پر سامان پہنچانے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے پھل اور سبزیاں آن لائن بھی منگوائی جا سکتی ہیں جو کسی قسم کے اضافی چارجز کے بغیر خریدار کے گھر پہنچائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہھل یا سبزی معیار کے مطابق نہ ہونے کی صورت میں آڈر واپس بھی کرایا جا سکتا ہے۔ ہوم ڈلیوری کا آپشن صرف سبزیوں اور پھل کے لیے میسر ہو گا۔


متعلقہ خبریں