سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

فائل فوٹو


لاہور: پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل سرفراز احمد سے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لئے لی گئی۔

‏پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اظہرعلی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، وہ آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

جبکہ بابراعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا، وہ آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق سرفرازاحمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔

‏آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

‏اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ‏بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز صحافیوں سے سخت جملوں کے تبادلے اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کپتان سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تھا تاہم پنجاب کے خلاف سندھ کے پہلے میچ میں میدان میں قیادت کے فرائض مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے سرانجام دیے۔

سرفراز احمد نے میچ میں بطور وکٹ کیپر بلے باز شرکت کی اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

میچ کے دوران انہوں نے اسی نمبر پر بیٹنگ کی جس کے حوالے سے انہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔


متعلقہ خبریں