’بابراعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی‘

’بابراعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: سینیٹ میں قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے رکن فیصل جاوید نے کرکٹ میں تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی اور وہ یہ معاملہ کمیٹی میں اٹھائیں گے۔

ہم نیوز کی خصوصی نشریات میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے کپتان پر بہت زیادہ دباو ہوگا، بابراعظم پر بھی دباوَ ڈال کر کارکردگی خراب کی جائے گی وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی کارکردگی بھی متاثر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفرازاحمد کو ٹی20 کی کپتانی سے ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں ان کی کارکردگی شاندار ہے، بطور کپتان ٹی 20  جیت کی شرح زیادہ ہے۔

یہ بھی جانیں: سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ سرفرازاحمد نے ٹی 20 میں مسلسل 11میچ جتوائے اور قومی ٹیم کو نمبر ون بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوم گراوَنڈ میں کھیلنے کے لیے پوری قومی ٹیم تبدیل کی گئی لہذا سارا ملبہ سرفرازاحمد پر نہیں ڈالا جاسکتا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ ٹی 20 میں سرفرازاحمد کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، ٹی 20 کےکوچنگ اسٹاف کو تبدیل کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کے آنے کے بعد پہلی سیریز میں شکست ہوئی اور شاید توجہ ہٹانے کے لیے سرفراز احمد کو تبدیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعیب ملک ٹاپ20 کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور انہیں بھی ٹی 20سےہٹا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد کو 2016 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی کپتانی سونپی گئی اور آج انہیں ہٹا دیا گیا ہے۔

سرفراز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 37 میچ کھیلے اور 29 میچوں میں جیت حاصل ہوئی اور ان کی قیادت میں پاکستان ٹی20 فارمیٹ کی نمبر ون بنا۔


متعلقہ خبریں